:سابق نگران صوبائی وزیر صنعت وممتاز صنعتکار اورڈیرہ غازی خان چیمبرآف مرس اینڈ انڈسٹری خواجہ جلال الدین رومی نے کہاہے کہ واقعہ کربلا درحقیقت انسانیت کی فتح اور اصولوں کی سر بلندی ہے،خواجہ جلال الدین رومی نے یوم عاشور ہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ یہ حضرت امام حسین کی قربانی کی ثمر ہے کہ اسلامی تاریخ میں ایسے جانثار پیدا ہوتے رہے ہیں جنہوں نے حق کی خاطر قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا- خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ سانحہ کربلا انسانیت کے لئے صبر واستقلال کی عظیم مثال ہے، یوم عاشور ہمارے لئے اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت وبلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام علیہ السلام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔
خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخستا ہے اور یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سر چشمہ ہے، جس کی مثال تاریخ انسانی میں مشکل سے ملتی ہے۔
خواجہ جلال الدین رومی نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے ہم سب کو محرم الحرام کے دنوں میں اتحاد امت کی کاوشوں کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیاکہ اتحاد، امن اور یکجہتی کا پیغام ہی یہی ہے کہ اپنا عقیدہ چھوڑو نہ اور کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہ اور کسی قسم کی دل آزاری نہ ہو-انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اسوہ حسینی کی پیروی کرتے ہوئے بھارت کے سامنے جھکنے کی بجائے ڈٹ جانے کو ترجیح دی اور فتح انہی کی ہوگی جو حق کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں -